حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تنزانیہ کے شہر دارالسلام میں شیعوں نے رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت اور شہادت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے موقع پر پُرسوز ماتمی جلوس نکالا، اس جلوس کا مقصد آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یاد تازہ کرنے، آپؐ کی سیرت و تعلیمات کو اجاگر کرنے اور انسانیت کے لیے آپؐ کے پیغام کو عام کرنا تھا۔
یہ جلوس 28 صفر 1448ھ، 21 اگست 2026ء کو حوزہ علمیہ امام صادقؑ اور تنزانیہ کی اثناعشری شیعہ جماعت (TIC) کے تعاون سے منعقد ہوا، جس میں دارالسلام کے مختلف علاقوں سے سیکڑوں مؤمنین نے شرکت کی۔
جلوس کا آغاز ایلالا بوما سے ہوا اور عزادار مسیمبازئی روڈ سے ہوتے ہوئے مبویونی چوک پہنچے، جہاں سے جلوس مسجد غدیر، مرکزی دفتر جمعیت شیعیان تنزانیہ، میں اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر تنزانیہ کے شیعوں کے سربراہ مولانا حمید جلالہ موکیندنکے، علما، روحانی شخصیات، اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی مرکز کے سربراہ اور دیگر سماجی و دینی شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین اور شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے حقیقی محبت صرف زبانی اظہار تک محدود نہیں، بلکہ آپؐ کی سیرت پر عمل، آپؐ کی تعلیمات کی پیروی اور معاشرے میں ایمان، اخلاق، وحدت، رحمت اور عدل کو فروغ دینا ہی آپؐ کی حقیقی تعظیم ہے۔
جلوس کے دوران شیخ عیدی وامبوا کی قیادت میں نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی بھی کی گئی، جس سے فضا مزید سوگوار ہوگئی۔ شرکا نے غم و عقیدت کے ساتھ آخری رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت پر اپنے گہرے دکھ اور محبت کا اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ